Courtesy: اردوپوانٹ

پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے پیش نظر بھارت میں بننے والے اشتہارات اور ایسے اشتہارات جن میں بھارتی اداکار، فنکار یا گلوکار وغیرہ موجود ہوں، قومی ٹیلی ویژن چینلز پر نشر کرنے پر پابندی عائد کردی گئی پیمرا نے بھارتی فنکاروں والے اشتہارات نشر کرنے پر بھی پابندی عائد کردی، پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے پیش نظر بھارت میں بننے والے اشتہارات اور ایسے اشتہارات جن میں بھارتی اداکار، فنکار یا گلوکار وغیرہ موجود ہوں، قومی ٹیلی ویژن چینلز پر نشر کرنے پر پابندی عائد کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق پیمرا کی جانب سے پاکستانی ٹی وی چینلز پر بھارتی فنکاروں والے اشتہارات چلائے جانے کا سختی سے نوٹس لیا گیا گیا ہے۔ اس صورتحال پر پیمرا کی جانب سے خصوصی نوٹس بھی جاری کیا گیا ہے: اری نوٹیفکیشن میں پیمرا کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے پہلے ہی پاکستان میں بھارتی مواد جن میں فلم ، ڈرامے ، ٹی وی شوز شامل ہیں، ان کے نشر کرنے پر پابندی عائد کررکھی ہے، تاہم یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ پاکستانی ٹی وی چینلز پر مختلف کثیر القومی مصنوعات کے اشتہارات میں بھارتی شخصیات کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں اور انہیں پاکستان میں نشر کیا جارہا ہے۔

ایک جانب حکومت کی جانب سے بھارت سے سفارتی اور ثقافتی تعلقات ختم کیے جا رہے ہیں۔ دوسری جناب پاکستانی میڈیا میں ایسے اشتہارات نشر کیے جاتے رہے جو بھارت میں بنے اور ان میں بھارتی شخصیات موجود تھیں۔ ٹی وی چینلز کی یہ پالیسی حکومتی پالیسی کی نفی ہے۔ پاکستانی ٹی وی اسکرینز پر بھارتی فنکاروں کی نمائش ان پاکستانیوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے جو کشمیر میں بھارتی مظالم پر پہلے ہی مضطرب ہیں۔

اس تناظر میں بھارت میں بننے والے اشتہارات بالخصوص وہ جن میں بھارتی اداکار موجود ہوں، نشر کرنے پر پابندی عائد کی جاتی ہے۔ اس پابندی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ پیمرا نے وارننگ دی ہے کہ اگر کسی میڈیا چینلز کی جانب سے اس پابندی کی خلاف ورزی کی گئی، تو اس کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔